واشنگٹن (پاکستان امیج)امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیہ ہی نہیں، حال اور مستقبل بھی مشرقِ وُسطیٰ سے وابستہ ہے۔
معروف تعلیمی درس گاہ جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں منعقدہ چوتھی سالانہ پاک امریکا کانفرنس میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا جغرافیہ ہی نہیں بلکہ اس کا حال اور مستقبل بھی مشرق وسطیٰ سے وابستہ ہے۔
انہوں نے پاکستان کی جغرافیائی، سیاسی اور اقتصادی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے حوالے سے ملک کی مثبت اور تعمیری کاوشوں اور مستقبل میں نتیجہ خیز کردار پر اظہار خیال کیا۔
کانفرنس میں معروف امریکی تھنک ٹینکس کے ممبران، سابق سفرا اور ماہرین نے بھی شرکت کی اور پاکستان کو درپیش مختلف النوع چیلنجز، معاشی ترقی کے سفر اور مستقبل میں عالمی سطح پر اس کے اہم کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے کہا کہ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان کا محل وقوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ گزشتہ 8 دہائیوں سے پاکستان علاقائی و عالمی سطح پر بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مشرقی و مغربی سرحدوں سے جنم لینے والے خطرات، نامساعد حالات اور دیگر چیلنجز کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے ضمن میں مثبت اور کامیاب کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کا کردار کسی تعارف کا محتاج نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن کی کوششوں میں پاکستان نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے امریکہ ایران تنازع میں پاکستان کی مثبت کاوشوں اور سہولت کاری کو پاکستان کی کامیاب سفارتی تاریخ کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ تنازع میں متعلقہ فریقین کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار قابل فخر اور اطمینان کا باعث ہے۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنا کردار انتہائی نیک نیتی، عاجزی، احساس ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ ادا کر رہا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے پاکستان کی توجہ جیوپالیٹکس سے بڑھ کر جیو اکنامکس پر مرکوز ہے ۔ پاکستان چین، وسطی ایشیا اور خلیجی ریاستوں کے درمیان ایک اہم معاشی راہداری فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے راہداری اور ترسیلات کے حوالے سے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت مزید واضح ہو کر سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص جغرافیائی حالات اور تاریخی واقعات نے جہاں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے وہیں درپیش مسائل نے ملکی معاشی و اقتصادی ترقی کو بھی متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار کرہ ارض کی قدیم ترین تہذیبوں میں ہوتا ہے ۔ ملک آئندہ بھی علاقائی اور عالمی امن اور معاشی معاملات میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
سفیر پاکستان نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان کو دنیا کا مرکز بننے کی پیشن گوئی کی تھی جو آج 8 دہائیوں کے بعد بھی متعلق، مستند اور مسلمہ ہے اور یہی وژن آج بھی ہماری منزل ہے۔
آخر میں رضوان سعید شیخ نے کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین، جارج ٹاؤن یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی قیادت خصوصاً رائے حسن مسعود کھرل اور انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز کے صدر غضنفر ہاشمی کو خراج تحسین پیش کیا۔
Pakistan Image