لندن(پاکستان امیج) صدر ن لیگ و سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے، پورا پاکستان ان کی واپسی کا منتظر ہے، نواز شریف کی واپسی کے بعد دوبارہ ترقی کا سفر شروع ہو گا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نوازشریف اقتدار سے محروم نہیں ہوئے، عوام ترقی و خوشحالی سے محروم کر دیئے گئے، ترقی کا تسلسل 2018ء کے جھرلو الیکشن سے توڑا گیا، نوازشریف کو سازش کے تحت اقتدار سے محروم کیا گیا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف نے ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، 2018ء کا جھرلو الیکشن نہ ہوتا تو آج پاکستان ترقی کے میدان میں بہت آگے ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، نوازشریف کو ایٹمی دھماکے نہ کرنے پر 5 ارب ڈالر کی آفر کی گئی، نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کر کے کہا پہلے پاکستان کا مفاد ہے۔ الیکشن سے متعلق بولے نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرے۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ رانا مقبول احمد کی وفات کا سن کر بہت افسوس ہوا، رانا مقبول احمد ہمارے دیرینہ ساتھی تھے۔
Pakistan Image