جے پور(پاکستان امیج)بھارت کے شہر جے پور کے علاقے پرتاپ نگر میں لالچ اور نفرت کا ایک انتہائی ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک 23 سالہ لڑکی نے مبینہ طور پر جائیداد پر قبضے اور سرکاری ملازمت حاصل کرنے کی خاطر کرائے کے قاتلوں کے ذریعے اپنی ہی سگی ماں کا بے دردی سے قتل کروا دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ آیوشی شرما کو گرفتار کر لیا ہے جس نے دورانِ تفتیش اپنے بھیانک جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
ملازمت کا تنازع اور خاندانی رنجش
تفتیش کے مطابق ملزمہ آیوشی کے والد وجے کمار شرما کا ایک سال قبل انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد اس کا اپنی 45 سالہ والدہ نیرج شرما کے ساتھ شدید تنازع شروع ہوا۔ آیوشی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے والد کی جگہ عدالت میں سرکاری نوکری حاصل کرنا چاہتی تھی لیکن اس کی والدہ نیرج شرما نے یہ ملازمت اپنے ذہنی طور پر بیمار بیٹے کے نام کروا دی۔ اس فیصلے پر ماں بیٹی کے درمیان طویل عرصے تک شدید جھگڑے اور ہاتھا پائی ہوتی رہی جس سے تنگ آ کر آیوشی گھر چھوڑ کر ٹونک روڈ پر واقع اپنے چچا کے بیٹے بلرام کے ساتھ ایک الگ مکان میں رہنے لگی۔
قتل کی باقاعدہ منصوبہ بندی اور سازش
پولیس کے مطابق کلیان نگر کے مکان میں رہائش کے دوران آیوشی اور اس کے چچا زاد بھائی بلرام نے مل کر نیرج شرما کو راستے سے ہٹانے کا باقاعدہ منصوبہ بنایا۔ قانون کی طالبہ آیوشی اپنی ماں سے شدید نفرت کرتی تھی اور انہیں ایک دردناک موت دینا چاہتی تھی۔ بلرام نے مشورہ دیا کہ اس کام کے لیے پیشہ ور قاتلوں کی ضرورت ہوگی جس پر آیوشی نے آمادگی ظاہر کی مگر شرط رکھی کہ اس کے بیمار بھائی کو کوئی نقصان نہیں پہنچنا چاہیے کیونکہ ماں گھر سے باہر صرف بھائی کو ٹیوشن چھوڑتے وقت ہی نکلتی تھی۔
زمین کا سودا اور سپاری کلنگ کا جال
اس گھناؤنی سازش کے بدلے بلرام نے آیوشی سے بھارت پور میں موجود ہائی وے کی زمین اپنے نام کروانے کا معاہدہ کیا جبکہ جے پور کی جائیداد اور نوکری آیوشی کو ملنی تھی۔ بلرام نے اس فائدے کے لیے اپنے والد موہن کو بھی اس سازش میں شامل کرلیا بعد ازاں بلرام نے اپنے دوست ہیمنت کے ذریعے 7 لاکھ روپے میں سپاری کا معاملہ طے کیا جس نے اپنے رشتہ دار آکاش کے ساتھ مل کر قتل کی حامی بھری۔ اس جرم کے لیے بھارت پور سے ایک کرائے کی گاڑی کا انتظام کیا گیا جس کے لیے جے پور کے ایک انجان نوجوان کی شناختی دستاویزات استعمال کی گئیں تاکہ پولیس کو گمراہ کیا جا سکے۔ ملزمان کا پلان تھا کہ اگر وہ نوجوان پکڑا بھی گیا تو اس کی ضمانت کرا دی جائے گی۔
Pakistan Image