کوئٹہ (پاکستان امیج): بلوچستان ہائی کورٹ کوئٹہ نے صوبے بھر کی ضلعی عدلیہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے 25 جوڈیشل افسران کے تبادلے اور تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ رجسٹرار ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز (D&SJ) میں مسٹر ظفر جان کا تبادلہ نوشکی سے موسیٰ خیل، مسٹر زیب الرحمن کا موسیٰ خیل سے قلعہ سیف اللہ، مسٹر محمد انور سملانی کا پنجگور سے واشک (بیسیمہ) جبکہ مسٹر بشیر احمد بادینی کا تبادلہ واشک سے پنجگور کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کوئٹہ کے سیشن جج مسٹر اللہ داد روشن کو چمن اور چمن کے جج مسٹر جعفر خان مینگل کو استاد محمد تعینات کیا گیا ہے۔ پشین کے جج مسٹر رحیم داد خان خلجی کا تبادلہ کوئٹہ، استاد محمد کے جج مسٹر نذیر احمد کھجک کا لورالائی، ژوب کے جج مسٹر شجاع الدین کا ڈیرہ مراد جمالی اور ڈیرہ مراد جمالی کے جج مسٹر نجیب اللہ خان کا تبادلہ ژوب کر دیا گیا ہے۔
دیگر تبادلوں میں مسٹر طاہر ہمایوں کو قلعہ سیف اللہ سے سبی، مسٹر محمد امجد دشتی کو دالبندین سے نوشکی، مسٹر عبدالقیوم دہوار کو سبی سے دالبندین، مسٹر عبدالصبور مینگل کو ہرنائی سے حب، مسٹر ریاض احمد کاسی کو حب سے پشین اور مسٹر عمران صدیق کو لورالائی سے ہرنائی منتقل کیا گیا ہے۔ اسپیشل جج اینٹی کرپشن بلوچستان مسٹر پزیر احمد بلوچ کا تبادلہ خضدار کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ خضدار کے سیشن جج مسٹر نجیب اللہ کاکڑ کو اسپیشل جج اینٹی کرپشن بلوچستان تعینات کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز (AD&SJ) میں مسٹر شکیل احمد پلال کو سنجاوی سے لورالائی، مسٹر عبدالباسط رئیس کو کاریزات سے حب، مسٹر جہانزیب کو کوئٹہ سے مسلم باغ، مسٹر محمد اقبال خلجی کو دوکی سے کوئٹہ، مسٹر دوست محمد مندوخیل کو کوئٹہ سے دوکی، مسٹر عاطف فیضان کو مستونگ سے کوئٹہ اور مسٹر ظہور احمد کو حب سے اوتھل منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریاں فوری طور پر سنبھال لیں۔
Pakistan Image