مستونگ (پاکستان امیج)مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کمانڈر نقیب سمیت 9 دہشتگرد ہلاک کردیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں ضلع مستونگ میں کامیاب کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الہندوستان کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی کو کامیابی سے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے اور ان کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 مبینہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں فورسز کے 4 اہلکار زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے، جو ماضی میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران فورسز نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے اس نیٹ ورک کو غیر فعال کر دیا ہے۔
Pakistan Image