کوئٹہ(پاکستان امیج)بلوچستان حکومت نے صوبے میں تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔ اب نکاح سے قبل ایچ بی الیکٹروفوریسس ٹیسٹ لازمی ہوگا تاکہ کزن میرج اور دیگر عوامل کے باعث پیدا ہونے والے تھیلیسیمیا کے کیسز میں کمی لائی جا سکے: نجی ٹی وی :سے خصوصی گفتگو میں سیکرٹری صحت اور چیئرمین بلوچستان بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی مجیب الرحمن پانیزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قبائلی معاشرت اور رشتہ داروں کے درمیان شادی کے رجحان کی وجہ سے تھیلیسیمیا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ نکاح سے قبل ایچ بی الیکٹروفوریسس ٹیسٹ لازمی کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پہلے سے منظور شدہ ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت پڑنے پر اس میں بھی تبدیلی کی جائے گی تاکہ ٹیسٹ کا قانونی نفاذ ممکن ہو سکے۔مجیب الرحمن پانیزئی نے مزید بتایا کہ ایچ بی الیکٹروفوریسس ٹیسٹ کے لیے عوام کو صوبے بھر کی لیبارٹریز میں سہولت فراہم کی جائے گی اور اس کے ساتھ عوام میں آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی تاکہ لوگوں کو تھیلیسیمیا، اس کے خطرات اور نکاح سے قبل ٹیسٹ کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد تھیلیسیمیا کے مریضوں کی تعداد میں کمی لانا، صحت مند نسل کی نشوونما کو یقینی بنانا اور عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ معاشرتی اور صحت کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
Check Also
گوادر میں ہلاک دہشت گرد کے والد اور بھائی کی پریس کانفرنس، ندامت کا اظہار
گوادر(پاکستان امیج) گوادر میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت …
Pakistan Image