امریکہ سعودی عرب (پاکستان امیج)امریکا نے سعودی افواج کیساتھ ملکر عراق میں ایران نواز گروہوں پرحملے کئے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے جس کی تصدیق بھی کردی گئی۔
سینٹ کام کا کہنا ہے کہ اس نے سعودی عرب کی افواج کے ساتھ مل کر عراق میں ایران نواز گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
سینٹ کام کا دعویٰ ہے کہ ان ایران نواز گروہوں نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ہدایات پر امریکی افواج اور سعودی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا تھا۔
سینٹ کام نے کہا ہے کہ امریکی اور سعودی لڑاکا طیاروں نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مشرقی عراق میں دہشت گردوں کے متعدد لاجسٹک اور اسلحہ ذخائر کو نشانہ بنایا ہے، یہ کارروائی آئی آر جی سی کی ہدایت پر کیے گئے 30 سے زائد فضائی ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی۔
دوسری جانب سعودی عرب نے بھی عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاؤں پر حملوں کی تصدیق کر دی۔سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ یہ کارروائی حالیہ ڈرون حملوں کے جواب میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے ساتھ مل کر کی گئی۔
وزارت کے مطابق جوابی کارروائی بین الاقوامی قانون کے تحت حاصل حقِ دفاع کی بنیاد پر کی گئی۔سعودی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ سعودی عرب مزید کشیدگی نہیں چاہتا، تاہم اگر مستقبل میں اس پر مزید حملے کیے گئے تو وہ اپنی خود مختاری، شہریوں اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
ادھر عراقی حکومت نے بدھ کی صبح ہونے والے ان حملوں پر تاحال باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔
Pakistan Image