ہرنائی (پاکستان امیج) شاہرگ کے علاقے میں پی ایم ڈی سی کی کوئلہ کان نمبر 151 میں گیس بھرنے سے حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 8 کانکن کان کے اندر پھنس گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 کانکنوں کو زخمی حالت میں کان سے باہر نکال لیا۔ دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے شاہرگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد 4 کان کنوں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 2 کانکن تاحال کان کے اندر پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ کان سے نکالے گئے دونوں زخمی کانکنوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثہ ٹھیکیدار فاروق ملیزئی کی کول مائن میں پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ حکام کے مطابق کان کے اندر پھنسے کانکنوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے امدادی کارروائی جاری ہے، جبکہ مزید تفصیلات ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
Pakistan Image