کوئٹہ (پاکستان امیج) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات اور بھاگ کچھی میں سیکیورٹی فورسز، پولیس اور اے ٹی ایف کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے امن کے لیے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور اے ٹی ایف کی خدمات اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں، اور دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان پولیس اور اے ٹی ایف نے بھاگ کچھی میں ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے جس میں عوام اور ریاستی ادارے مکمل طور پر متحد ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اپنے بیان کے آخر میں وزیراعلیٰ نے قلات اور بھاگ کچھی کی کارروائیوں میں حصہ لینے والے تمام بہادر افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔
Pakistan Image