پشتون قومی جرگہ کسی کے خلاف نہیں، کوئٹہ سمیت پشتون اضلاع میں اراضی پر قبضے اور چیک پوسٹوں پر تذلیل بند کی جائے، حل بندوق نہیں بلکہ قومی اتحاد اور سیاسی شعور ہے ، محمود خان اچکزئی

کوئٹہ (پاکستان امیج) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے کوئٹہ میں منعقدہ بڑے عوامی اجتماع اور جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون قوم کی جان، مال، وسائل اور تاریخی تشخص کو سنگین خطرات لاحق ہیں، جس کے تدارک کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین، نوابوں اور مشران پر مشتمل ایک عظیم الشان “گرینڈ پشتون جرگہ” وقت کی ناگزیر ضرورت بن چکا ہے۔ یہ جرگہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ بنوں قومی جرگے کے فیصلوں کا تسلسل اور پوری قوم کی بقا کا ضامن ہوگا۔

محمود خان اچکزئی نے پشتون بلوچ تعلقات پر کھل کر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ پشتونوں کا یہ قومی اتحاد یا مجوزہ گرینڈ جرگہ ہرگز بلوچ قوم یا کسی دوسری قومیت کے خلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچوں کی اپنی تاریخی سرزمین اور حقوق ہیں جبکہ پشتونوں کا آمو دریا سے لے کر اباسین (دریائے سندھ) تک اپنا تاریخی، جغرافیائی اور قدرتی وجود قائم ہے۔ پاکستان پنجابی، سندھی، بلوچ، سرائیکی اور پشتون تمام اقوام کا مشترکہ ملک ہے جہاں نہ کوئی آقا ہے اور نہ کوئی غلام۔ دونوں اقوام کو ایک دوسرے کے جائز جغرافیائی و تاریخی حقوق کا احترام کرتے ہوئے پرامن برادرانہ تعلقات کو فروغ دینا ہوگا۔

چیئرمین پشتونخوا میپ نے دھرتی کے قدرتی خزانوں اور عوام کی زبوں حالی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پہاڑ لیتھیم، سونا، چاندی، تانبا، گیس اور دیگر بیش قیمت معدنیات سے بھرے پڑے ہیں، جہاں ایک ایک کلو لیتھیم لاکھوں ڈالرز کی ہے، مگر انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ اس قدر بے پناہ دولت کی موجودگی کے باوجود یہاں کے باصلاحیت نوجوان بے روزگاری کے باعث دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور خلیجی ممالک میں مزدوری پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کوئٹہ، کچلاک، بازئی اراضی اور دیگر علاقوں میں غیر قانونی قبضوں، زمینوں کی متنازع ڈیمارکیشن اور عوام کو درپیش بے عزتی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔

خطے کی جغرافیائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ، شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) اور عالمی طاقتوں کو متنبہ کیا کہ افغانستان اور پشتون دھرتی کو دہائیوں سے روس، امریکہ اور دیگر عالمی قوتوں نے اپنی پراکسی جنگوں اور اسلحے کے تجربات کی آماجگاہ بنا کر لاکھوں بے گناہ انسانوں کا خون بہایا۔ انہوں نے زور دیا کہ پشتون دہشت گرد نہیں بلکہ مہمان نواز، انسان دوست اور تاریخ ساز قوم ہیں۔ ہمارے پاس بندوق آخری راستہ نہیں بلکہ ہم پرامن آئینی، جمہوری اور سیاسی شعور کے ذریعے اپنے حقوق اور عزتِ نفس کا تحفظ یقینی بنائیں گے اور گرینڈ جرگے کے متفقہ فیصلوں پر پوری قوم کے ساتھ مل کر عملدرآمد کروائیں گے۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

گوادر میں ہلاک دہشت گرد کے والد اور بھائی کی پریس کانفرنس، ندامت کا اظہار

گوادر(پاکستان امیج) گوادر میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *