عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی! اصل وجہ کیا ہے؟ سب کچھ آگیا سامنے

واشنگٹن (پاکستان امیج)عالمی مارکیٹ میں پیر 6 جولائی کو خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جس کی بڑی وجہ اوپیک پلس کی جانب سے اگست سے پیداوار کے ہدف میں مزید اضافے پر اتفاق اور بڑے پیداواری ممالک کی جانب سے سپلائی کی بحالی کو قرار دیا جا رہا ہے جبکہ آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل میں بہتری آنے سے عالمی سطح پر سپلائی بڑھنے کے امکانات نے بھی مارکیٹ کے رجحان پر اثر ڈالا ہے۔

برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 0010 جی ایم ٹی تک 24 سینٹس یا 0.33 فیصد کمی کے بعد 71.88 ڈالر فی بیرل تک آ گئی جبکہ جمعہ کے روز اس میں 0.45 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔ دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کروڈ 11 سینٹس یا 0.16 فیصد کمی کے بعد 68.58 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز امریکی مارکیٹس تعطیل کے باعث بند رہیں جس کی وجہ سے WTI کا کوئی باضابطہ سیٹلمنٹ نہیں ہوسکا۔ مجموعی طور پر گزشتہ ہفتے دونوں بڑی آئل مارکیٹس میں زیادہ اتار چڑھاؤ نہیں دیکھا گیا تاہم اس سے قبل کئی ہفتوں تک قیمتوں میں عمومی طور پر کمی کا رجحان غالب رہا تھا۔ اس دوران سرمایہ کار امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز سے شپنگ کے مستقبل اور خلیجی خطے میں تیل کی سپلائی کی بحالی سے متعلق پیشرفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے۔

اوپیک اور اس کے اتحادی ممالک جن میں روس بھی شامل ہے نے اتوار کے روز اس بات پر اتفاق کیا کہ اگست سے روزانہ 188 ہزار بیرل کی اضافی پیداوار کے ہدف میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ جون اور جولائی میں کیے گئے اسی نوعیت کے اضافے کے بعد سامنے آیا ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق اس اضافے کے باوجود عملی اثر محدود رہا ہے کیونکہ ایران کے ساتھ تنازع کے دوران آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث سعودی عرب، کویت اور عراق جیسے بڑے اوپیک پیداواری ممالک کی ترسیل متاثر ہوئی تھی جس سے مجموعی پیداوار پہلے ہی دباؤ میں تھی۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

واٹس ایپ کی کور فوٹو سے متعلق فیچر متعارف کرانے کی تیاری!

نیویارک(پاکستان امیج)انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *