سعودی حکومت کا اچانک بڑا فیصلہ، 15سال سے کم عمر عازمین کی حج روانگی پر پابندی عائد

اسلام آباد(پاکستان امیج)سعودی حکومت نے حج 2026 کے لیے عازمینِ حج کی عمر کے حوالے سے نئی اور سخت پابندی فوری طور پر نافذ کر دی ہے۔

مملکت کی جانب سے اچانک کیے گئے بڑے فیصلے کے مطابق 15 سال سے کم عمر بچوں کو رواں برس حج کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ۔

وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور آفس آف پلگرم افیئرز پاکستان (OPAP) کے مطابق سعودی حکام نے فیصلے سے آگاہ کیا ہے کہ 3 مئی 2026 کی رات 12:00 بجے کے بعد سے کسی بھی ایسی پرواز کو سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس میں کوئی ایسا مسافر سوار ہو جس کی عمر 27 مئی 2026 (9 ذوالحجہ 1447ھ – یومِ عرفات) کو 15 سال سے کم ہو ۔

سرکاری مراسلے کے مطابق ایسے تمام عازمینِ حج جو اس عمر کے معیار پر پورا نہیں اترتے، ان کے حج ویزے فوری طور پر منسوخ تصور کیے جائیں گے ۔

پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر موجود امیگریشن حکام اور ایئر لائنز بشمول پی آئی اے، سعودی ایئر لائن، ایئر بلو اور ایئر سیال کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی کم عمر عازم کو حج پروازوں میں سوار نہ ہونے دیں ۔

سعودی حکومت اور پاکستانی حج مشن نے ان عازمین کے لیے ریفنڈ پالیسی کا بھی اعلان کیا ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ عمر کی اس اچانک پابندی سے متاثر ہونے والے عازمین یا ان کے گروپ ممبران، جو اس وجہ سے سفر نہیں کر سکیں گے، اپنا حج سفر منسوخ کروا سکتے ہیں ۔

سعودی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متاثرہ عازمین کو ان کی جمع کرائی گئی مکمل رقم واپس (Full Refund) کی جائے گی ۔

ڈائریکٹر حج اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں اس معاملے کو انتہائی اہم اور فوری قرار دیا گیا ہے ۔

حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (HOAP) کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام نجی حج آپریٹرز اور عازمین کو اس فیصلے سے آگاہ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے ۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

اے سی پھٹنے سے رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی، 9 افراد ہلاک

نئی دہلی (پاکستان امیج)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

RSS
Follow by Email