کوئٹہ (پاکستان امیج)صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے آزادی کی مناسبت سے دارین ایجوکیشن سسٹم کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی ہمیں یوں ہی نہیں ملی بلکہ یہ ہمارے آبا و اجداد کی انتھک جدوجہد، عظیم قربانیوں اور لازوال خدمات کا نتیجہ ہے۔ آج ہم آزاد فضا میں سکون سے سانس لے رہے ہیں تو یہ سب انہی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام کی زندگیاں صدیوں پر محیط ہوتی ہیں۔ بعض ممالک چار سو، پانچ سو یا ہزار سال قبل وجود میں آئے اور ترقی کی منازل طے کیں، جبکہ ہمارا ملک محض 78 سال کا ہے جو کہ قوموں کی زندگی میں نوزائیدہ عمر ہے۔ قومیں آہستہ آہستہ ترقی کرتی ہیں، لیکن شرط یہ ہے کہ ان کی سمت درست ہو اور ہر نسل اپنی آنے والی نسل کے لیے بہتر معاشرے کی بنیاد رکھے تاکہ وہ اچھا پھل کھا سکیں اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔
میر ظہور بلیدی نے کہا کہ جب تمام مکاتبِ فکر اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کریں گے تو ملک مضبوط اور خوبصورت بنے گا۔ اگر ہر شخص اپنے گھر کو صاف رکھے گا تو محلہ صاف ہوگا، پھر شہر، صوبہ اور بالآخر پورا ملک صاف و خوشحال بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست آزادی کا کوئی عام دن نہیں بلکہ ایک عظیم یادگار ہے۔ یہ وہ دن ہے جب اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک بڑے دشمن پر فتح عطا کی۔ معرکۂ حق میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے ملک کو شکست دی، دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا اور اس کی فوج کو زیر کیا۔ یہ سب ہماری قوم کے حوصلے، قربانیوں اور بہادر فوج کی دلیری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
Pakistan Image