کوئٹہ: قمبرانی روڈ سے دو کمسن بچیوں کی بوری بند لاشیں برآمد، قتل کی لرزہ خیز تفصیلات سامنے آ گئیں

کوئٹہ (پاکستان امیج) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ سے دو کمسن بچیوں کی بوری بند لاشیں برآمد ہونے کے دل دہلا دینے والے واقعے نے شہر میں کہرام برپا کر دیا۔ جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 3 سالہ بی بی میرب اور 7 سالہ بی بی یسرا کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں بچیاں اپنی والدہ کے ہمراہ اپنے نانا کے گھر میں رہائش پذیر تھیں۔ بچیوں کے والدین کے درمیان دو سال قبل علیحدگی ہو چکی تھی، جس کے بعد ایک خاندانی فیصلے کے تحت بچیوں کی رہائش والدہ کے ساتھ طے پائی، اور والد کو ہفتے میں ایک دن بچیوں کو ساتھ لے جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

چار روز قبل بچیوں کا چچا انہیں لینے نانا کے گھر پہنچا، اور بتایا کہ گھر میں شادی ہے، اس لیے بچیاں دو سے تین دن کے لیے ان کے ساتھ رہیں گی۔ تاہم چار دن گزرنے کے باوجود جب بچیاں واپس نہیں آئیں تو اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔

سریاب پولیس نے واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے کیس کو سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیا۔ بعد ازاں دونوں بچیوں کی لاشیں قمبرانی روڈ سے بوری میں بند حالت میں برآمد ہوئیں اور سول اسپتال کوئٹہ منتقل کی گئیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق بچیوں کا پوسٹ مارٹم پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے کیا، جس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دونوں بچیوں کو سانس بند کر کے قتل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جب لاشیں لائی گئیں تو ایک بچی کے منہ میں چوسنی بھی موجود تھی، جو اس واقعے کی سفاکیت کی شدت کو واضح کرتی ہے۔

پولیس نے قتل کی تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے خاندان کے قریبی افراد سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے نے شہر بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ عوامی حلقوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

گوادر میں ہلاک دہشت گرد کے والد اور بھائی کی پریس کانفرنس، ندامت کا اظہار

گوادر(پاکستان امیج) گوادر میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *