راولپنڈی(پاکستان امیج )اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بشریٰ بی بی کو کیس کی سماعت کے سلسلے میں پیش کرنے سے معذرت کرلی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل راولپنڈی نے بشریٰ بی بی کے خلاف 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش اور جسمانی ریمانڈ کے معاملے پر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کو خط لکھ دیا۔ایس پی اڈیالہ جیل نے خط میں لکھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر اڈیالہ جیل میں آج سماعت ممکن نہیں، جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کی سماعت بھی ہونی ہے، بشریٰ بی بی کو سیکیورٹی وجوہات کے باعث پیش نہیں کیا جاسکتا۔
ایس پی جیل کے خط پر وکلاء صفائی نے کہا کہ عدالتی احکامات کے سامنے سپرنٹنڈنٹ جیل کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔انسداد دہشتگردی عدالت نے آج بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر سماعت مقرر کی تھی۔
Pakistan Image