اسلام آباد(پاکستان امیج)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ “12 سال بعد ڈی چوک دوبارہ زندہ ہونے جا رہا ہے۔”
ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے مطلع کیا کہ آج اسلام آباد کے ڈی چوک میں جشن آزادی کی ایک خصوصی پریڈ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔
اس اطلاع کیساتھ انہوں نے عوام کو دعوت عام بھی دی کہ “اپنی فیملی کے ہمراہ آئیں، اس جشن کا حصہ بنیں، اور ہمارے پیارے پاکستان کے اتحاد، افتخار، اور قومی جذبے کو ہمارے ساتھ مل کر منائیں۔”
اس کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ شام 5 بجے ڈی چوک پر پریڈ شرکا کے منتظر رہیں گے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں آج 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی اور نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست کو ان قربانیوں کو یاد کرتے ہیں جن کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔
افواج پاکستان نے بھی قوم کو 79 ویں جشن آزادی کے پُرمسرت موقع پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔
Pakistan Image