لاہور (پاکستان امیج)پاکستان کی معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان متھیرا نے یوٹیوبر نادر علی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوڈ کاسٹ میں نامناسب اور بیہودہ سوالات کر کے نہ صرف تنگ کیا بلکہ شرمسار کرنے کی بھی کوشش کی ۔
تفصیلات کے مطابق متھیرا نے حال ہی میں فہد انصاری کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔متھیرا نے بتایاکہ وہ تابش ہاشمی اور مورو سمیت دیگر شخصیات کے پوڈکاسٹ میں شرکت کر چکی ہیں اور انہیں کہیں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا، ان کے پروگرامات تفریح اور تفریح پر مبنی تھے۔
تاہم انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ لیکن انہوں نے خود کو نادر علی کے پوڈکاسٹ میں غیر محفوظ تصور کیا، جہاں میزبان نے ان سے نامناسب اور بیہودہ سوالات کیے۔متھیرا نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر نادر علی کی عزت کرتی ہیں، وہ اچھے شخص ہیں لیکن پوڈکاسٹ میں ان کا طرز عمل مختلف تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب کوئی بھی کسی بھی شخص کو پوڈکاسٹ یا پروگرام میں بلاتا ہے تو مہمان کی عزت کی جانی چاہیے۔اداکارہ و ماڈل نے کہا کہ نادر علی نے پوڈکاسٹ میں عجیب عجیب حرکتیں کیں، ان سے ایسے سوالات کیے، جن سے انہوں نے خود کو غیر محفوظ سمجھا۔
View this post on Instagram
متھیرا نے مزید کہا کہ ان کا خیال ہے کہ نادر علی نہ صرف ان کے بلکہ تمام خواتین کے خلاف ہیں اور ان کا تقریبا ہر خاتون مہمان کے ساتھ ایسا ہی نامناسب رویہ ہوتا ہے، وہ انہیں نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مزاح اور بیہودگی میں فرق ہوتا ہے لیکن نادر علی کے سوالات مزاح اور تفریح کے لیے نہیں، دوسروں کو نیچا دکھانے کے لیے ہوتے ہیں، وہ بیہودہ سوالات کرتے ہیں اور انہیں ان کے شو میں جانے کے فیصلے پر افسوس ہے۔
خیال رہے کہ متھیرا نے نومبر 2021 میں نادر علی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی، جس کا دورانیہ 16 منٹ تھا اور مذکورہ پوڈکاسٹ کو یوٹیوب پر اب تک 31 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔
Pakistan Image