کراچی(پاکستان امیج)گولڈمیڈلسٹ اولمپئن ارشد ندیم کی وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ آمد ہوئی ہے،وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے ارشد ندیم کی آمد پر ان کا استقبال کیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ اجلاس میں وقفہ کرکے ارشد ندیم سے ملاقات کی،ارشد ندیم نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ نے پیرس میں گولڈمیڈل ملنے پر پہلے کال کرکے مبارکباد دی تھی،مجھے وزیراعلیٰ سندھ سے ملکر بہت خوشی ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ بلاول بھٹو نے پیغام دیا ہے ارشد ندیم کو اگلے اولمپکس کیلئے ابھی تیاری کرنا ہے،24کروڑ آبادی، 24گولڈ میڈل ملک میں ہونے چاہئیں۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ارشد کو 50ملین کا چیک انعام میں دیا، وزیراعلیٰ سندھ نے ارشد ندیم کو سندھی ثقافتی تحائف اجرک، ٹوپی اور شیلڈ دی۔
وزیربلدیات سعید غنی نے کراچی میں سڑک کا نام ارشد ندیم رکھنے کا اعلان کیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق ارشد ندیم نے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنا گولڈ میڈل دکھایا۔وزیراعلیٰ سندھ نے ارشد ندیم کے کوچ کیلئے بھی 5ملین روپے دینے کااعلان کیا، وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سندھ حکومت ارشد ندیم کی بھرپور سپورٹ کرتی رہے گی، وزیراعلیٰ سندھ نے ارشد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ آپ صرف ایک فون کال کریں میں آپ سے بات کروں گا۔
ترجمان کے مطابق گولڈ میڈلسٹ اولمپئن قومی ہیرو ارشدندیم کو گاڑی دینے کا بھی اعلان کیا گیا، شرجیل میمن نے کہاکہ ارشد ندیم آپ کو گاڑی کی رجسٹریشن کیلئے جو نمبر چاہئے وہ دیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ صوبائی وزیر ناصر شاہ ارشد ندیم سے رابطے میں رہیں گے،ترجمان کے مطابق صوبائی وزیرناصر شاہ نے ارشد ندیم کی والدہ کیلئے گاڑی دینے کااعلان کیا، کھیلوں کے صوبائی وزیر محمد بخش مہر نےارشد ندیم کو خوش آمدید کہا،محمد بخش مہر نے کہاکہ ذاتی حیثیت میں ارشدندیم کیلئے انعامات کا اعلان کرچکا ہوں،ترجمان کے مطابق وزیر کھیل محمد بخش مہر نے اپنی طرف سےارشد ندیم کو چیک پیش کیا، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ ارشد ندیم کے نام پر اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
Pakistan Image