اسلام آباد(پاکستان امیج)سپریم کورٹ میں انتخابات سے متعلق کیس میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے صدر سپریم کورٹ بار سے استفسار کیا کہ کیا صدر مملکت نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی تو ہم کیا کریں؟کیا ہم صدر مملکت کو تاریخ نہ دینے پر نوٹس دیں؟عابد زبیری نے کہاکہ صدر مملکت کو استثنیٰ حاصل ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ صدر مملکت کے خلاف ہم کیا کر سکتے ہیں،آپ اپنی رٹ بحال کرنے کیلئے حکم جاری کر سکتے ہیں،اگر کوئی آئین کی خلاف ورزی کررہا ہے تو آرٹیکل 6لگے گا،
قبل ازیں وقفے کے بعد دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آپ ہمیں کیا دستاویز دے رہے ہیں،عابد زبیری نے کہاکہ میں 2017کی مردم شماری کی دستاویز دے رہاہوں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ 2017کے بعد مردم شماری کاآغاز کرنے میں کتنے سال لگے؟2021میں مردم شماری کا دوبارہ آغاز ہوا،چیف جسٹس نے عابد زبیری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ دوسری بار غلط بیانی کررہے ہیں،آپ عدالت کو غلط حقائق بتا رہے ہیں۔
دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ ایک چیز منسوخ ہو گئی تو اس کا ذکر کرنے کی کیا ضرورت ہے؟2017میں فیصلہ ہوا تو مردم شماری کا عمل 6سال بعد کیوں شروع نہ ہوا؟کس نے مردم شماری کا آغاز تاخیر سے کیا؟آپ حقائق پر مقدمہ نہیں چلا رہے،بلدیاتی انتخابات آئینی تقاضا تھے،عابد زبیری نے کہاکہ اپریل 2022میں ایک حکومت ختم ہوئی،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آپ کو اتنی تشویش تھی تو 2017سے درخواست دائر کیوں نہیں کی، اب جب مردم شماری ہو گئی تو آپ کہہ رہے ہیں مردم شماری غلط ہوئی،عابد زبیری نے کہاکہ میرا کہنا یہ نہیں کہ 2023کی مردم شماری غلط ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ 2017سے 2021تک مردم شماری کی منظوری میں 4سال لگ گئے،2021کی مردم شماری کا آغاز بھی سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہوا،جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا مردم شماری انتخابات کیلئے ضروری ہے؟جو بھی مردم شماری میں تاخیر کے ذمہ دار ہیں انہیں ذمہ دار ٹھہرایا جائے،کیا آپ چاہتے ہیں کہ انتخابات کرائے جائیں،عابد زبیری نے کہاکہ ہم اتنی ہی بات چاہتے ہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آپ کی ساری استدعا مردم شماری کے بارے میں ہے، کیا آپ آئین کے آرٹیکل 224کی عملداری مانگ رہے ہیں، عابد زبیری نے کہاکہ جی ہاں عدالت سے میری یہی استدعا ہے ،جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ 90دن کب پورے ہو رہے ہیں،عابد زبیری نے کہاکہ 3نومبر 2023کو 90دن پورے ہو جائیں گے،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آج ہم حکم دیں کہ 90دن میں انتخابات ہوں تو کیا انتخابات ہو سکتے ہیں؟عابد زبیری نے کہاکہ اگر آج عدالت حکم دے تو 3نومبر کو انتخابات نہیں ہو سکتے،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ پھر اپنی درخواست میں ترامیم کرلیں۔
Pakistan Image