اسلام آباد(پاکستان امیج) 90روز میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس چیف جسٹس پاکستان نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ 90دن میں انتخابات کی مخالفت کریں گے؟اٹارنی جنرل نے انکار میں جواب دیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق 90روز میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،بنچ میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں،الیکشن کمیشن حکام، اٹارنی جنرل اور پی ٹی آئی وکیل علی ظفر عدالت میں پیش ہوئے،پیپلزپارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے وکلا سے استفسار کیا کہ پہلے دلائل کون دے گا؟وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ پہلے مجھے دلائل دینے کا موقع دیں،سجیل سواتی نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی طرف میں وکیل ہوں،وکیل پیپلزپارٹی فاروق نائیک نے کہاکہ ہم نے کیس میں فریق بننے کی درخواست دائر کی ہے،عدالت نےپیپلزپارٹی کو مقدمہ میں فریق بننے کی اجازت دےدی،
پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ اپنی استدعا کو صرف ایک نکتہ تک محدود کر وں گا، استدعا ہے الیکشن مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔وکیل علی ظفر نے کہاکہ انتخابات 90روز میں کرائے جائیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آپ کی 90روز میں انتخابات کی استدعا تو اب غیرموثر ہو چکی،وکیل علی طفر نے کہاکہ ہم بنیادی انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا،جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ عوام کی رائےجاننے سے بہتر اور کیا ہو سکتا ہے؟
چیف جسٹس پاکستان نے پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ اب آپ صرف انتخابات چاہتے ہیں؟وکیل علی ظفر نے کہاکہ جی ہم انتخابات چاہتے ہیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ کیا اس کی کوئی مخالفت کرے گا؟چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا آپ مخالفت کریں گے؟اٹارنی جنرل نے انکار میں جواب دیا۔
وکیل علی ظفر نے کہاکہ آرٹیکل 58اور 224پڑھا جا سکتا ہے،انتخابات نہیں ہوں گے تو نہ پارلیمنٹ ہو گی نہ ہی قانون بنیں گے، صدر اسمبلی تحلیل کرے تو 90روز کے اندر کی الیکشن کیلئے تاریخ دے گا،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ کیا یہ تاریخ دینے کیلئے صدر کو وزیراعظم سے مشورہ لینا ضروری ہے؟
Pakistan Image