ممبئی (پاکستان امیج) بھارتی معروف فلم پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر کرن راؤ نے عامر خان سے پہلی ملاقات کا احوال سناتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس جوڑی نے ’ڈیٹنگ‘ کب شروع کی تھی۔یاد رہے کہ کرن راؤ اور عامر خان کی شادی کے تقریباً 16 سال بعد اس جوڑی میں 2021ء میں علیحدگی ہو گئی تھی۔
ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں ’سائرس بروچا‘ کے ساتھ گفتگو کے دوران 50 سالہ کرن راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کا عامر کے ساتھ رومانوی تعلق کیسے شروع ہوا۔کرن راؤ نے بتایا ہے کہ اُنہیں معروف فلمساز و اسکرین رائٹر ریما کاگتی کی جانب سے ایک کال موصول ہوئی جس میں اُنہیں فلم ’لگان‘ کی شوٹنگ میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی، یہ پہلا موقع تھا جب فلم کی شوٹنگ کے دوران اُن کا اداکار عامر خان کے ساتھ تعارف ہوا۔
کرن راؤ نے انکشاف کیا کہ اُن کا دوسری بار اداکار کے ساتھ رابطہ اس وقت ہوا جب وہ سودیش کی پروڈکشن میں شامل تھیں اور عامر خان فلم ’منگل پانڈے‘ کی عکس بندی میں مصروف تھے ’یہی وقت تھا جب ہم نے ڈیٹنگ شروع کی۔‘انہوں نے مزید بتایا کہ سودیش کی فلم کے اختتام کے بعد عامر خان نے فلم ’رنگ دے بسنتی‘ کا آغاز کر دیا تھا، اس دوران ہی ہماری دوستی گہرے تعلق میں بدل گئی تھی۔
Pakistan Image