لاہور (پاکستان امیج) آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے رواں ہفتے ہی کسی بھی فیصلے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹاپ آفیشلز ایک بار پھر دبئی پہنچ کر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کیساتھا مذاکرات میں مصروف ہیں جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ بیشتر معاملات پر اتفاق ہوچکا ہے۔
چیمپئینز ٹرافی کیلئے بھارت نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا، وہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلنا چاہتا ہے، پی سی بی نے بھی سخت موقف اپنایا اور پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولہ پیش کردیا، اس کے تحت آئندہ 3 برس تک دونوں ممالک میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں ان کی ٹیمیں اپنے میچز یو اے ای میں کھیلیں گی۔
ابتداءمیں بھارت نے ناز نخرے دکھائے البتہ پھر بیشتر شرائط مان لیں، بعض پر اعتراض جاری رہا جس کی وجہ سے تاحال چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول بھی جاری نہیں ہوسکا۔اس حوالے سے گزشتہ 2،3 دن خاموشی چھائی رہی ۔
ذرائع کے مطابق پس پردہ مذاکرات جاری ہیں، پی سی بی کے سابق سی او او سلمان نصیر گزشتہ کئی روز سے دبئی میں ہی موجود ہیں جبکہ موجودہ سی او او سمیر سید بھی وہاں پہنچ چکے ہیں۔ دونوں کی گزشتہ روز بھی آئی سی سی حکام سے بات چیت جاری رہی، بھارتی بورڈ کے ساتھ اب براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے بلکہ عالمی کونسل معاونت کر رہی ہے۔
پاکستان نے بھارتی ٹیم کے نہ آنے پر مالی نقصان کی تلافی کیلئے بعض تجاویز دی تھیں ان پر ڈیڈ لاک قائم ہوگیا البتہ اب معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔رواں ہفتے ہی چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر کوئی اعلان ہوسکتا ہے، پی سی بی خود بھی چاہتا ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو کیونکہ اسے ایونٹ کیلئے ٹکٹنگ سمیت دیگر انتظامات بھی کرنا ہیں۔
Pakistan Image