اسلام آباد(پاکستان امیج)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ چیف جسٹس پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،چیف جسٹس کا ایسے فیصلے یا بیان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ریاست سوشل میڈیا کے اس پروپیگنڈا کے خلاف ایکشن لے گی۔
خواجہ آصف اور احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگوں کے سیاسی مفادات اس مسئلے سے وابستہ ہیں،پاکستان میں مذہب کے نام پر خون خرابے کی کوشش کی جارہی ہے،ہمارا ایمان ہے نبی کریمؐ تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے،مذہب کے نام پرریاست قتل کے فتوے برداشت نہیں کرےگی،ان کاکہناتھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بڑے دنوں سے مختلف حیلوں بہانوں سے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو کئی سالوں سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے،انتہاپسندادنہ مواد سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا جارہا ہے،ایسے فتوے دینے والوں کیخلاف قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ عدلیہ کی ایک طاقتور آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،یہ ایک ایسی آواز ہے جو حق اور سچ کی روایت کو قائم رکھے ہوئے ہے، سپریم کورٹ اس معاملے پر واضح بیان دے چکی ہے،جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا بدستور جاری ہے،سوشل میڈیا پر عوام کو قتل کرنے کی جانب راغب کیا جارہا ہے،کچھ لوگ سیاسی عزائم اور بیرونی آقاؤں کی ہدایت پر مسلسل پروپیگنڈا کر رہے ہیں،ریاست کیخلاف شرانگیز پروپیگنڈا کیا جارہاہے،ان کاکہناتھا کہ چیف جسٹس پاکستان کے حوالے سے شرانگیز گفتگو کی گئی،ریاست میں ایک سسٹم ہوتا ہے آپ بے بنیاد الزامات نہیں لگا سکتے،ریاست سوشل میڈیا کے اس پروپیگنڈا کے خلاف ایکشن لے گی،وزیر دفاع نے کہاکہ سب کو معلوم ہے کن وجوہات کی بنیاد پر چیف جسٹس کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے،عدلیہ میں مضبوط آواز کو خاموش کرنے کی یہ ایک نئی شرارت ہے،قانون اپنی پوری قوت کے ساتھ حرکت میں آئے گا، ہم سب مسلمان ہیں، ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
احسن اقبال کاکہناتھا کہ عدلیہ پاکستان کی ریاست کا اہم ستون ہے،کسی شخص یا گروہ کو یہ اجازت نہیں کہ وہ کسی کے قتل کے فتوے جاری رکھے،چیف جسٹس سے متعلق بیان پاکستان کے آئین سے کھلی بغاوت ہے،یہ وہ طبقہ ہے جس کو 2018میں خاص مقصد کیلئے کھڑا کیا گیا تھا،ریاست میں سزا اور جزا کا اختیار صرف عدالت کے پاس ہوتا ہے،تمام علما کا فتویٰ موجود ہے دہشتگردی، خودکش حملوں کااسلام سے تعلق نہیں،ایک انسان کو قتل کرنا پوری انسانیت کو قتل کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ یہاں مذہب کے نام پر گلی گلی محلے محلے لوگوں کے جذبات کو ابھارا گیا، سرگودھا، سوات اور جڑانوالہ اور دیگر شہروں میں لوگوں میں ہیجان پیدا کیا گیا،لوگوں سے ایسی حرکات کرائی جاتی ہیں جو پاکستان، دین اسلام کیلئے شرمندگی کا باعث بنتی ہیں،حکومت اس طرح کے رویوں کو پنپنے کی اجازت نہیں دے گی،کسی گروہ یا شخص کو حق حاصل نہیں کہ وہ کسی کے ایمان کا فیصلہ کرے۔
Pakistan Image