اسلام آباد(پاکستان امیج)اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر ریمارکس دیتے ہوئے کہاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کا سٹیٹس تبدیل ہو چکا ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل شفٹ کریں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کا سٹیٹس تبدیل ہو چکا ہے،اسلام آباد کے تمام انڈر ٹرائل قیدی اڈیالہ جیل میں ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی ابھی تک اٹک کیوں ہیں؟ اڈیالیہ جیل کیوں نہیں؟
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل سے جواب طلب کرلیا،عدالت نے استفسار کیا کل اگر آپ رحیم یار خان کی جیل میں بھیج دیں تو وہاں جیل ٹرائل کریں گے؟وکیل نے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی سپورٹس مین ہیں انہیں ایکسرسائز مشین فراہم کی جائے۔چیف جسٹس نے کہا کہ جیل رولز کے مطابق وہ جن چیزوں کے حقدار ہیں ملنی چاہئیں، حق تلفی نہ ہو۔
وکیل شیرافضل مروت نے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کرنے کی استدعا کی،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ کوشش ہو گی اڈیالہ جیل منتقلی کا آج ہی تحریری حکمنامہ جاری کردیں۔
Pakistan Image