کراچی(پاکستان امیج)وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال نے کہا کہ محسن نقوی کی بات کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے تائید کی تھی، اگر پیپلز پارٹی میں ہمت ہے تو وہ ان کے خلاف بیان دے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیرِ صحت مصطفی کمال نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملکی صورتحال، انتظامی یونٹس اور پیپلز پارٹی کی کارکردگی پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ تین سال قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر جب کراچی آئے تھے تو انہوں نے بھی پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کو لازم و ملزوم قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بات طے ہو چکی ہے کہ ملک کو موجودہ نظام کے تحت نہیں چلایا جا سکتا۔
انہوں نے تجویز دی کہ ملک میں موجود 32 ڈویژن ایڈمنسٹریٹو یونٹس بنانے کے لیے آئیڈیل ہیں، اس اقدام کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ کوئی صوبہ یا اس کی سرحدیں کسی دوسرے صوبے میں ضم ہو رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے پیپلز پارٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی بغیر کسی دلیل کے ہماری بلدیاتی آئینی ترمیم کی مخالفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ جو بھی کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے یا نئے انتظامی یونٹس کی بات کرے گا، ہم اس کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ 18 سالوں میں سندھ کے لیے مختص 2263 ارب روپے سندھ کے اضلاع تک پہنچنے کے بجائے صوبائی حکمرانوں نے ہڑپ کر لیے، جس سے کشمور سے کراچی تک صرف تباہی پھیلی ہے۔
مصطفی کمال نے خبردار کیا کہ جب ترقیاتی کام نہ ہونے اور کرپشن کی وجہ سے محرومی بڑھتی ہے تو لوگ صوبائی یا وفاقی حکومتوں سے نہیں بلکہ ریاست سے ناراض ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ایسے لوگ ہتھیار اٹھاتے ہیں تو یہی سیاسی جماعتیں فوج کو بلاتی ہیں، جس سے ملک میں غدار پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہری سندھ کے عوام کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا، تو ہم ان کی حکمرانی قائم رکھنے کے لیے ان کا ساتھ کیوں دیں؟
ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما نے واضح کیا کہ ہماری پارٹی میں اندرونی اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن سندھ حکومت کی کارکردگی اور بلدیاتی نظام پر ہم سب ایک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کی بات کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے تائید کی تھی، اگر پیپلز پارٹی میں ہمت ہے تو وہ ان کے خلاف بیان دے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ اب صورتحال اس نہج پر آ گئی ہے کہ یا تو ملک بچا لو یا کسی جماعت کی ناراضگی دیکھ لو۔ آج مسائل کے حل کا فارمولہ ایک ہی ہے کہ نئے انتظامی یونٹس قائم کیے جائیں اور بلدیاتی نظام کو بااختیار بنایا جائے۔
انہوں نے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ اگر کراچی اور شہری سندھ کے عوام کو ہر حال میں مرنا ہی ہے، تو یہ بات آئین میں لکھوا دو تاکہ ہمیں صبر آ جائے۔ اب فیصلہ کن مرحلہ آ چکا ہے اور ملک کو بچانا ہوگا۔
Pakistan Image