اسلام آباد (پاکستان امیج )جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پوری جرات کے ساتھ تحریک کا اعلان کیا ،اب فیصلے عوامی اسمبلیوں میں ہونگے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 2 اپریل کو خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن میں جماعتی پالیسی کے مطابق ووٹ ڈالیں گے۔ غزہ میں مظالم کے خلاف جے یو آئی نے تمام مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر آواز بلند کی۔ اس پر عالمی قوتیں ہمارے خلاف متحرک ہوئیں، حالیہ انتخابات میں ہمارا راستہ روکا گیا، ہم نے پوری جرات کے ساتھ عوامی تحریک کا اعلان کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جوش و جذبے کے ساتھ ہم میدان میں اتریں گے، اگر فیصلے ایوانوں میں نہیں ہونے دیے جا رہے تو ہم عوامی اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی 48 خالی نشستوں میں سے 18 پر امیدوار بلامقابلہ منتخب کر لئے گئے جبکہ باقی 30 نشستوں پر انتخاب دو اپریل کو ہو گا۔
Pakistan Image