پشاور(پاکستان امیج)پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں کی تقسیم کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے سماعت کی،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کیلئے درخواست دائر کی،الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم منصفانہ نہیں کی، ہمیں 8کے بجائے 9خواتین کی مخصوص نشستیں دی جانی چاہئے تھیں،الیکشن کمیشن نے جے یو آئی کو 10مخصوص نشستیں دی ہیں،ن لیگ اور جے یو آئی کو 9،9نشستیں ملنی چاہئے تھیں،ہم نے صوبائی اسمبلی کی 5جنرل نشستیں جیتی ہیں۔
عدالت نے کہاکہ یہ سمجھائیں کہ جب پراسیس مکمل نہیں ہوتا تو نشستوں کی تقسیم کیسے کی جا سکتی ہے؟سپیشل سیکرٹری لاء الیکشن کمیشن نے کہاکہ الیکشن کے 21دن بعد اسمبلی اجلاس بلانا لازم ہوتا ہے،عدالت نے کہاکہ آپ نے آزادارکان کو پارٹیاں جوائن کرنے کیلئے22فروری آخری تاریخ مقرر کی،جسٹس سید ارشد علی نے کہاکہ آپ نے 5نشستیں 22فروری کی پارٹی پوزیشن پر دیں،21نشستیں تو مارچ میں دی گئیں، اس کی کیا منطق ہے؟
سپیشل سیکرٹری لاء الیکشن کمیشن نے کہاکہ 22فروری کی پارٹی پوزیشن کی بنیاد پر نشستیں دی ہیں،جسٹس ارشد علی نے کہاکہ اگر آپ تمام نشستیں 22فروری کو دیتے تو بات اور ہوتی،عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
Pakistan Image