اسلام آباد(پاکستان امیج)پاکستان اور کویت کے تعلقات میں مزید پیش رفت کا امکان ہے کیونکہ کویت کے وزیر خارجہ آج دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، علاقائی اور دفاعی تعاون سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کویتی وزیر خارجہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے باضابطہ مذاکرات کریں گے۔
ملاقاتوں میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ کویتی وزیر خارجہ کی پاکستان کی دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جن میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی منظوری بھی اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
کویتی حکومت نے اس معاہدے کی تفصیلات باضابطہ طور پر جاری کر دی ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان 2023 میں طے پایا تھا اور اب اسے کویت کے سرکاری گزٹ میں شامل کیا گیا ہے۔
معاہدے کے تحت پاکستان اور کویت فوجی تربیت، دفاعی تعلیم، لاجسٹکس، فوجی معاونت اور مسلح افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دیں گے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے فوجی اہلکاروں اور ماہرین کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
دفاعی معاہدے میں سائنسی اور تکنیکی تعاون، فوجی انٹیلی جنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلاتی شعبوں میں اشتراک بڑھانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے، تاکہ دونوں ممالک کے دفاعی روابط کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
معاہدے کے مطابق پاکستان اور کویت کھیلوں، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کے میدان میں بھی باہمی تبادلوں کو فروغ دیں گے جبکہ مشترکہ پروگرامز کے انعقاد کے لیے سالانہ منصوبہ بندی بھی کی جائے گی۔
دفاعی تعاون کے معاہدے میں خفیہ معلومات کے تحفظ کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کے تحت معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی حساس معلومات کی رازداری برقرار رکھی جائے گی۔ کسی بھی اختلاف کی صورت میں دونوں ممالک معاملہ باہمی مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے اور اسے عالمی عدالت یا کسی تیسرے فریق کے سامنے پیش نہیں کیا جائے گا۔
معاہدے میں ترمیم دونوں ممالک کی باہمی تحریری رضامندی سے ممکن ہوگی جبکہ کوئی بھی فریق 70 روز قبل تحریری اطلاع دے کر معاہدہ ختم کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو کویت میں طے پایا تھا۔
Pakistan Image