اسلام آباد(پاکستان امیج)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی ہے، افغان شہریوں کی تین کیٹیگریز پاکستان میں موجود ہیں، ایک کیٹیگری 1978ءسے یہاں مقیم افغان شہریوں کی ہے جن کے پاس پی او آر کارڈز موجود ہیں، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری کیٹیگری 2016 کے افغان شہریوں کی ہے جن کے افغان سٹیزن کارڈز بنائے گئے تھے،2016 میں رجسٹرڈ افغان شہریوں کی تصدیق اس وقت کی افغان حکومت نے کی تھی، 17 لاکھ افغان شہریوں میں بڑی تعداد ان لوگوں کی ہے جو 15 اگست 2021 سے یہاں موجود ہیں، ایسے افغان شہریوں میں سے کچھ کے ویزے ختم ہو چکے ہیں اور وہ غیر قانونی طور پر یہاں مقیم ہیں، پاکستان اپنی سرزمین پر صرف ان لوگوں کو رہنے کی اجازت دے سکتا ہے جنہیں قانونی طور پر یہاں رہنے کا حق حاصل ہو۔
مرتضیٰ سولنگی نے واضح کیا کہ 31 اکتوبر تک پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے پاس اختیار ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر واپس چلے جائیں، غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر کے بعد جبری رخصت کیا جائے گا،قانونی طور پر رہنے کا حق رکھنے والے غیر ملکی پاکستان میں رہ سکتے ہیں،ملکی قوانین پر عمل درآمد کرانا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، نگران حکومت آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت وجود میں آئی، افغانستان کی موجودہ حکومت کو دنیا کے اکثر ممالک نے تسلیم نہیں کیا، وہ ایک عبوری حکومت ہے۔
ان کاکہنا تھاکہ ہم اپنے قومی مفادات کسی خوف کی وجہ سے قربان نہیں کر سکتے، جن غیر ملکیوں نے غیر قانونی طور پر پاسپورٹس یا شناختی کارڈز بنوائے ہیں وہ منسوخ کئے جائیں گے، نگران حکومت کے اقدامات کی بدولت روپے کی قدر میں استحکام آیا،بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں میں 16 ارب روپے کی ریکوریاں ہوئیں،انتظامی اقدامات کی بدولت کھاد، چینی، آٹا اور تیل کی قیمتوں میں بہتری آئی ہے، ہم اپنے فرائض بہتر طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔
Pakistan Image