پاکستان خطے کے امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا ایران معاہدے میں عالمی برادری نے پاکستان کے تعمیری کردار کو تسلیم کیا ہے، خطے کے امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پر تیار ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کا ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہنا تھا کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان کی دعوت پر پاکستان کا ایک روزہ خصوصی دورہ کیا، ایرانی صدر نے صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم سے باضابطہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔

انہوں نے کہا کہ برگن سٹاک سوئٹزر لینڈ میں ایران، امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات ہوئے، پاکستان اور قطر نے بطور ثالث شرکت کی، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی نمائندگی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں متعدد نکات پر بات چیت کی گئی، بطور ثالث پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیم مزید پیش رفت کے لئے فریقین سے رابطے میں ہے، پاکستان متعدد ممالک کی جانب سے بطور ثالث تعریف و حمایت کا خیرمقدم کرتا ہے، اس سارے عمل میں پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری اور پیشہ ورانہ لگن کا مظاہرہ کیا۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ دوسرے مرحلے کیلئے 3 مخصوص تکنیکی ورکنگ گروپس بنائے گئے ہیں، پہلا گروپ نیوکلیئر پروگرام کے حوالے سے معاملات دیکھ رہا ہے، دوسرا گروپ پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے امور کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ تیسرا گروپ لبنان کی صورتحال پر کام کر رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کی تکنیکی ٹیمیں امریکا، ایران کی تکنیکی ٹیموں کے ساتھ رابطے میں رہیں گی، پاکستان علاقائی امن کیلئے اپنے تعمیری کردار پر عالمی برادری کی ستائش کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان خطے کے امن کیلئے اپنا تعمیری اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ 21 جون کو پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسلام آباد ایم او یو اور برگن سٹاک مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا، نائب وزیر اعظم نے سعودی عرب، اٹلی، کینیڈا، بحرین، ایران سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صومالیہ کوسٹ پر پاکستانیوں کو یرغما ل بنایا گیا ہے، پاکستانیوں کی بازیابی کیلئے صومالیہ کے حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *