اسلام آباد(پاکستان امیج)وفاقی آئینی عدالت نے کراچی کے عوامی پارکس کے کھیلوں کے لیے تجارتی مقاصد کے استعمال کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کر دیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ یہ معاملہ کراچی میونسپل کارپوریشن (KMC) کے اختیارات سے متعلق ہے۔
کے ایم سی نے 26 اگست 2025 کو کراچی کے 9 عوامی پارکس کو کمرشل مقاصد کے لیے سپورٹس سرگرمیوں میں استعمال کرنے کی منظوری دی تھی۔
درخواست گزاران نے کے ایم سی کے اس فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں رجوع کیا، جس نے KMC کے اقدام کو کالعدم قرار دیا۔ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف KMC نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی۔
وکیل کے ایم سی نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے وقت فریقین کو سننے کا موقع نہیں دیا، جو آرٹیکل 10A کی خلاف ورزی ہے، اور کہا کہ ہائیکورٹ ازخونوٹس نہیں لے سکتی۔
آئینی عدالت نے اس معاملے کو مفاد عامہ کا کیس قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر فوری طور پر عمل درآمد نہ کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ ہائیکورٹ توہین عدالت کی کارروائی کو آگے نہ بڑھائے۔
Pakistan Image