اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ میں نے وزیراعظم کو استعفیٰ دیا یا نہیں، تصدیق یا تردید نہیں کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہا ہے کہ پمز اسپتال واقعے کی انکوائری رپورٹ 48 گھنٹے بعد وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی جائے گی، جبکہ تحقیقات میں کوئی سقم رہ جانے کی صورت میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پمز واقعے کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے صرف ایک انکوائری کمیٹی قائم کی ہے، کمیٹی کے ٹی او آرز واضح ہیں اور اس کا مینڈیٹ شواہد اور ثبوت کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنا ہے۔
اپنے استعفے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میں وزیراعظم کو استعفیٰ دیا یا نہیں، اس کی نہ تردید کروں گا اور نہ اس بات کو مانتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کے پاس ویڈیو شواہد اور لوگوں کے بیانات موجود ہیں، پمز اسپتال انتظامیہ نے کمیٹی کو بتایا کہ آگ شام 6 بج کر 38 منٹ پر لگی، انکوائری رپورٹ میں یہ بھی سامنے آئے گا کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیم کتنے وقت میں موقع پر پہنچی۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیٹی آزادانہ طور پر کام کررہی ہے اور سب کا کام اسے سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں خود کو بھی کمیٹی کے سامنے پیش کردیا ہے، تاہم کمیٹی نے ابھی تک ان سے کوئی سوال نہیں کیا۔
مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ پمز واقعے کے متاثرہ لواحقین جو کہیں گے، ان کی تسلی کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے، اگر کسی کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو اسے سزا ملنی چاہیے تاکہ آئندہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف واقعے پر برہم ہیں اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو بھی آئی ایچ آر اے بورڈ سے بات کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 1983 میں پمز کے قیام کے وقت اسلام آباد کی آبادی ساڑھے 3 لاکھ تھی جو اب 36 لاکھ تک پہنچ چکی ہے. گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا سے بھی لوگ علاج کے لیے پمز آتے ہیں، جبکہ روزانہ تقریباً 10 ہزار مریض او پی ڈی میں آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اسپتال چلانے کے عمل سے باہر آکر بہتر نظام تشکیل دینا چاہیے۔ وفاق اور صوبے مل کر صحت کے شعبے پر 1,156 ارب روپے خرچ کررہے ہیں، جبکہ حکومت کو شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کرنی چاہیے۔
Pakistan Image