اسلام آباد (پاکستان امیج) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کے تبادلے کے لیے جمہوریہ آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔
اپنی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر علیوف اور آذربائیجان کے برادر عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی، آذربائیجان کے صدر نے پاکستانی عوام کے لیے ان جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا، دونوں رہنماؤں نے امت کی صفوں میں اتحاد کی دعا بھی کی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیج میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے آذربائیجان کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے پر زور دیا اور تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا۔
پاکستان آذربائیجان تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔
Pakistan Image