لاہور (پاکستان امیج)پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے مکی آرتھر کی سربراہی میں قائم پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف ، کپتان بابراعظم ،نائب کپتان شاداب خان اور سابق کپتانوں مصباح الحق اور محمد حفیظ سے ملاقات کی ،جس میں سری لنکا میں منعقدہ ایشیا کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔اس ملاقات میں پاکستانی ٹیم کے مکمل کوچنگ اسٹاف کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔
چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ یہ جائزہ سیشن مثبت انداز میں رہا اور ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ ہمیں اعتماد ہے کہ ایشیا کپ میں ہمیں سیکھنے کو ملا ہے اور یہ ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا۔
ذکا اشرف نے کہا کہ ہماری ٹیم میں صلاحیت موجود ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹیم اعلیٰ سطح پر مقابلے کی اہلیت رکھتی ہے۔ہمارے پاس ورلڈ کلاس بیٹرز اور بولرز موجود ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو تمام ضروری سہولتیں اور وسائل فراہم کررہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ٹیم اس میگا ایونٹ میں ٹاپ فارم میں نظر آئے۔
انضمام الحق نے پاکستانی ٹیم کے سلیکشن کو حتمی شکل دے دی ہے اور آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کل بروز جمعہ صبح سوا گیارہ بجے کردیا جائے گا۔
Pakistan Image