چنئی (پاکستان امیج) ورلڈ کپ کے16 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 149 رنز سے شکست دے دی ۔ 289 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 139 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی
بھارت کے شہر چنئی کے ایم اے چدمبرم سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ 16 ویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی ابتدائی چار وکٹیں 109رنز کے بعد اوپر نیچے گریں جس کی وجہ سے کیوی بلےبازوں پر شدید دباو آگیا لیکن پر مڈل آرڈر نے ذمے داری کامظاہرہ کرتے ہوئے بڑا ٹارگٹ دینے میں کامیابی حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، ڈیون کانوے 20 رنز بناکر آؤٹ جبکہ ول ینگ نے 54 رنز کی اننگز کھیلی، راچن رویندرا 32، ڈیرل مچل ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کپتان ٹام لیتھم اور گلین فلپس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، ٹام لیتھم 68 اور گلین فلپس 71 رنز بنا کر 47 ویں اوور میں نوین الحق کی گیند کا شکار بنے۔افغانستان کی جانب سے عظمت عمرزئی اور نوین الحق نے 2،2 جبکہ مجیب الرحمان اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کیوی باولرز کے سامنے کوئی بھی افغان بیٹر جم کر نہ کھیل سکا اور ٹیم کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی۔چھ افغان بلے باز ڈبل فگر میں ہی داخل نہ ہو سکے۔افغان بلے باز رحمت شاہ 36سکور کر کے اپنی ٹیم کے ٹاپ سکورر رہے۔
یادرہے کہ کیویز نے ابھی تک ایونٹ میں تین میچز کھیلے ہیں اور تمام میں ہی فتح ان کے نام رہی، دوسری جانب انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دینے والی افغان ٹیم نے تین میں سے ایک میچ جیتا اور دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے
Pakistan Image