اسلام آباد (پاکستان امیج) سینئر سیاسی رہنماء اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نوازشریف اور مسلم لیگ ن نے جس سیاست کا چناؤ کیا اس سے اتفاق نہیں کرتا، جب تک لانے والے چاہیں گے حکومت چلے گی، کسی کے لیے ماحول بنانے کے حق میں نہیں ہوں، عوام کی رائے کے حق میں ہوں۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی مہربانی ہے کہ انہوں نے میرا نام لیا، ان کے ساتھ 35 سال کا ذاتی تعلق آج بھی موجود ہے، نواز شریف وضع دار آدمی ہیں اس لیے ان سے تعلق رہے گا لیکن میں ان کی سیاست سے متفق نہیں ہوں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کی فیصلے سازی نہ کرنے سے انرجی سیکٹر تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے، ایل پی جی کی طلب میں اضافہ ہوا کیوں کہ قدرتی گیس نہیں ہے، میرے گاؤں میں لوگ سلینڈر استعمال کرتے ہیں جو کہ سات ہزار فی ایم یم بی ٹی یو ہے، شہری علاقوں 150 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو استعمال کرتے ہیں، گیس کی قیمت یکساں ہونی چاہیے، جس کے لیے توانائی کے شعبے کی ڈی ریگولیشن کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے تجویز دی تھی ٹینکرز کو پیسے ادا کرکے بند کرتے ہیں اور پائپ لائن استعمال کرتے ہیں، دنیا بھر میں پٹرولیم سیکٹر ڈی ریگولٹ ہوتا ہے، پاکستان میں بھی پٹرولیم سیکٹر ڈی ریگولٹ ہونا چاہیے، توانائی کے بحران کا سب کو علم ہے مگر بروقت فیصلے نہیں کیے جاتے، پاکستان میں ایک پیٹرول پمپ لگانے میں 3 سال لگ جاتے ہیں، ریفائنری پالیسی 8 سال سے لٹکی ہوئی ہے، سرکاری افسران سرمایہ کاروں پر اعتماد نہیں رکھتے، وہ ان کو پیسہ بنانے والے سمجھتے ہیں، مسائل کا سب کو علم ہے اب فیصلوں کا وقت ہے۔
Pakistan Image