اسلام آباد(پاکستان امیج)نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈارکی قازقستان کے ہم منصب سے اہم ملاقات ہوئی ہے،ملاقات میں پاک قازقستان تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر اتفاق کیا گیا۔
نجی ٹی وی ’’سماء نیوز‘‘ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیاسی اور اقتصادی تعلقات،علاقائی روابط کے فروغ کا عزم دہرایا،دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیاکہ پاکستان اورقازقستان کے تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی، ملاقات متوقع صدارتی دورے سے قبل تعلقات مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ تھی۔
اس سےقبل قازقستان کےنائب وزیراعظم ،وزیرٹرانسپورٹ اورنائب وزیرتجارت کی وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان،وزیرفوڈ سیکیورٹی رانا تنویرحسین اور وزیرریلویزحنیف عباسی سے ملاقات ہوئی۔دونوں ممالک کےدرمیان مواصلات سمیت مختلف مشترکہ منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
عبدالعلیم خان نےنائب وزیراعظم قازقستان کےدورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئےکہا دونوں ممالک ذرائع آمدورفت میں خاطرخواہ تعاون کر سکتے ہیں،تجارتی راہدرایاں اوربہترین ذرائع مواصلات ہماری ترجیح ہے ،پاکستان وسطی ایشیا ءاور یورپ تک رسائی کا خواہاں ہیں،ریل اور روڈ کے ذریعے رابطوں میں اضافے سے تجارت بڑھے گی۔
قازق نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ مارات نورتیلو نے پاکستانی عوام کے لیےخیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتےہوئےکہا کہ دونوں ممالک شعبہ مواصلات میں باہمی تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ اورنائب وزیرتجارت نے یقین ظاہرکیا کہ ان کے دورۂ پاکستان سے مستقبل میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کےروشن امکانات ہیں،دونوں ملکوں کےدیرینہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے،قازق وفد نے پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ۔
Pakistan Image