کراچی (پاکستان امیج)کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں دل دہلا دینے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک معصوم بچے کی جان بچانے کی کوشش کرتے ہوئے 20 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔ اس ہولناک حادثے نے ایک طرف انسانی ہمدردی اور شجاعت کی لازوال مثال قائم کی ہے تو دوسری طرف شہر کے کھلے نالوں کی خون آشام حقیقت کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔
افسوسناک واقعہ مچھر کالونی میں نور اسلام مسجد کے قریب پیش آیا جہاں چار سالہ شاویز کھیلتے ہوئے سائیکل سمیت اچانک کھلے نالے میں جاگرا۔ بچے کو مشکل میں دیکھ کر وہاں موجود نوجوان گلاب نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر نالے میں چھلانگ لگا دی تاکہ بچے کو بچایا جا سکے تاہم بدقسمتی سے وہ خود بھی ڈوب گیا۔
حادثے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے نوجوان گلاب ولد منظور کی لاش نالے سے نکال لی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق لاپتا بچے کی شناخت شاویز ولد جاوید کے نام سے ہوئی ہے جس کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں نالے میں سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔
ایس ایچ او سہراب گوٹھ گل بیگ پنجیرو نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بچہ سائیکل چلاتے ہوئے نالے میں گرا جسے بچانے کے لیے موقع پر موجود نوجوان نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر کوشش کی، مگر وہ بھی حادثے کا شکار ہوگیا۔
ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی واٹر ریسکیو ٹیم، غوطہ خوروں اور ایمبولینس پر مشتمل عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ ریسکیو کارروائی کے دوران نوجوان کی لاش نکال لی گئی جبکہ بچے کی تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔
Pakistan Image