اسلام آباد (پاکستان امیج)مہنگی بجلی اور آئی پی پیز معاہدے درد سر بن گئے ، عوامی مشکلات اور ردعمل کا حل کون ڈھونڈے ۔۔۔؟ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بتا دیا ۔
مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے معاملے پرنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے یہ کہہ کر ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں کہ پی ٹی آئی دور حکومت 2021ء میں آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی تجدید پاور ڈویژن نے کی تھی۔پاور ڈویژن نے 2021ء میں معاہدوں کی تجدید کیلئے مذاکرات کیے تھے‘ اب اسے ہی حل ڈھونڈنا ہوگا جس حکومتی ڈویژن نے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی توثیق کے بارے بات کی تھی اب اُسے ہی آئی پی پیز کے متعلق ملک گیر عوامی مشکلات اور ردعمل کا حل ڈھونڈنا ہو گا۔
آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کے بارے میں پاور ڈویژن ہی بتائے کہ یہ قانونی معاہدے تھے یا غیر قانونی؟ ان معاہدوں کے نتیجے میں پاکستان میں بجلی کا ٹیرف خطے کے دیگر ممالک افغانستان‘ بھارت‘ بنگلہ دیش‘ ایران‘ نیپال کے مقابلے میں4 گنا زائد تک پہنچ رہا ہے۔
“جنگ ” کے مطابق بھارتی مشرقی پنجاب میں کسانوں کو برسوں سے مفت بجلی دی جا رہی ہے جبکہ مشرقی پنجاب الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن نے گزشتہ جمعہ کے روز پاور ٹیرف میں 10سے 15پیسے فی یونٹ مختلف اقسام کے صارفین کیلئے بڑھایا ہے۔ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے ریٹ میں 10 سے 12 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ انڈسٹری کیٹگری کیلئے مشرقی پنجاب میں فی یونٹ 15پیسے اضافہ ہوا ہے۔ انڈین پاور ریگولیٹر (پاکستان کی نیپرا) نے دس پندرہ پیسے بڑھاتے وقت بھی سکھ کمیونٹی کے گولڈن ٹیمپل اور درگیانہ منڈیر کیلئے بجلی کا ٹیرف نہیں بڑھایا۔ نئے ٹیرف پر 31مارچ 2025ء تک عملدرآمد ہو گا۔
پنجاب سٹیٹ الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن نے بجلی کے ریٹ کم سے کم اس لیے بڑھائے ہیں تاکہ صارفین پر اس کا بوجھ محسوس نہ ہو۔ پاکستانی کرنسی روپیہ کے تناسب سے جنوبی ایشیاء کے ممالک میں بجلی کی قیمتیں پاکستان سے ایک چوتھائی سے بھی زیادہ کم ہیں۔
ایران میں فی یونٹ بجلی ساڑھے 9روپے میں دستیاب ہے۔ افغانستان میں 18روپے فی یونٹ بجلی کے چارج کیے جاتے ہیں۔
بنگلہ دیش میں فی یونٹ بجلی 16روپے کی دی جا رہی ہے۔ نیپال میں بجلی کے بل فی یونٹ 18روپے کے حساب سے صارفین کو مل رہے ہیں۔
Pakistan Image