لاہور(پاکستان امیج) مون سون بارشوں اور گلیشئیر پگھلنے کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے ،مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہے گا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ،تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔دریائے راوی چناب جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے ۔ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ نارمل جبکہ چھاچھر رودکوہی میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔آئندہ 48 گھنٹوں میں رودکوہیوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر ولنرایبل اضلاع میں انتظامات مکمل ہیں۔منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 62 فیصد، تربیلا میں 85 فیصد ہے۔ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 43 فیصد تک ہے۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ عوام الناس سے التماس ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو چھونے سے گریز کریں۔
Pakistan Image