اسلام آباد(پاکستان امیج) ملک میں کہیں بارش اور کہیں برف باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمان سے گرتی برف سے نظارے حسین ہوگئے، کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، مستونگ، قلات، قلعہ عبداللہ، نوشکی، لورالائی سمیت کئی علاقوں میں بارش سے موسم شدید سرد ہوگیا۔ قلات میں پارہ منفی تین، زیارت میں منفی دو اور کوئٹہ میں منفی ایک تک گر گیا ہے، پہاڑوں پر برفباری کے حسین مناظر سے مقامی لوگ اور سیاح خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
وادی نیلم میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کے باعث ندی نالے اور چشمے جم گئے، شدید سردی کی وجہ سے سیاحوں کی آمدورفت بند ہوگئی اور سیاحت سے جڑے لوگوں کے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ، شدید سردی کی وجہ سے بالائی نیلم کے سکولوں میں چھٹیاں کر دی گئیں۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کڑاکے کی سردی پڑنے سے درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں فوری بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
Pakistan Image