کراچی (پاکستان امیج) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث مقامی اور غیرملکی پروازوں کی منسوخی سے اب تک پاکستان کے فضائی شعبے کو 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر (تقریباً 20 ارب روپے) کا بھاری نقصان ہو چکا ہے۔ پی اے اے کے ترجمان سیف اللہ خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی ہوائی اڈے اور فضائی حدود مکمل طور پر کھلی، محفوظ اور معمول کے مطابق آپریشنل ہیں، تاہم عالمی فضائی حدود کی بندش کے سبب ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز نے حفاظتی اقدامات کے تحت دبئی، دوحہ، ابوظبی، مسقط اور شارجہ کے درمیان سینکڑوں پروازیں منسوخ یا ان کے روٹس تبدیل کیے ہیں۔ ایوی ایشن ماہر اسفر ملک کے مطابق 28 فروری کے بعد سے پاکستان سے جڑی 500 سے زائد پروازیں منسوخ اور 600 متاثر ہو چکی ہیں، اور خلیجی ممالک کے روٹس متاثر ہونے سے ایوی ایشن کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک پی آئی اے کی تقریباً 350 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جس سے قومی ایئرلائن کو ساڑھے تین ارب روپے (12.5 ملین ڈالر) کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، تاہم کاروباری مفادات کی خاطر سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب پی آئی اے کے سابق سربراہ ارشد ملک نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر فیول ہیجنگ پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور ایمرٹس اور قطر ایئرویز جیسی بڑی ایئرلائنز کو پاکستانی ایئرپورٹس سے براہ راست یورپ کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت دی جائے تاکہ مقامی ایوی ایشن اور ہوٹل انڈسٹری کو مالی فائدہ ہو۔ دریں اثنا، عالمی ایندھن کی سپلائی میں خلل کے خدشات کے پیش نظر پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک نوٹس (NOTAM) کے ذریعے غیر ملکی ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر کے طور پر واپسی کا ایندھن اپنے ساتھ لائیں اور پاکستان میں ری فیولنگ کو محدود رکھیں، البتہ مقامی ایئرلائنز کو آپریشنل ضروریات کے مطابق ایندھن کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
Check Also
رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ
اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …
Pakistan Image