لاہور (پاکستان امیج) سابق مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے پاکستان، خصوصاً بلوچستان اور گوادر کی اسٹریٹیجک ومعاشی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں علاقائی اور عالمی تجارت کا رخ پاکستان کی جانب ہوگا۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کو ایک بفر زون کے طور پر دیکھا جاتا رہا، افغانستان کے ساتھ طویل تنازعات نے بھی پاکستان کو براہ راست متاثر کیا، بھارت کو وسطی ایشیا تک پاکستان کے سوا کوئی راستہ میسر نہیں، مستقبل میں علاقائی اور عالمی تجارت کا رخ پاکستان کی جانب ہوگا۔
دوسری جانب صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ گوادر پورٹ کی اسٹریٹیجک اہمیت بڑھ رہی ہے ، پاکستان کی معیشت میں اس کا کلیدی کردار ہوگا، بلوچستان اور گوادر پاکستان کو مشرق وسطیٰ، وسطی ایشیا، چین اور یورپ کے ساتھ جوڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی معیشت میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ مستقبل میں تجارتی اور توانائی کے بڑے راستے پاکستان سے گزریں گے جس سے پاکستان کی اسٹریٹیجک اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔
مزید برآں لاہور چیمبر میں منعقدہ اس سیشن میں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمان سہگل نے مہمانوں کا استقبال کیا جب کہ لاہور چیمبر اور گوادر جمخانہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔
Pakistan Image