اسلام آباد (پاکستان امیج)ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایک مرتبہ پھر میدان میں آگئے،سیاسی ماحول اور جمہوری روایات کی مضبوطی کیلئے سیاسی جماعتوں کو بڑی تجویز دیدی ۔ کہتے ہیں وقت آگیا ہے سیاستدان اور سیاسی جماعتیں بالغ نظری کا مظاہرہ کریں، سیاسی جماعتوں کو اختلاف رائے کے باوجود سیاسی گنجائش پیدا کرنی چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے تمام سیاسی جماعتیں سے ایک دوسرے کیلئے گنجائش پیدا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتشار اور خلفشار سے نہ جمہوریت مضبوط ہوگی نہ ملکی مسائل حل ہونگے۔ سیاسی جماعتوں کی آپس میں گنجائش کا فائدہ کسی ایک جماعت کو نہیں تمام سیاسی جماعتوں کو ہوگا۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا سیاستدان کسی سے بھی اختلاف رائے یا الگ مؤقف رکھ سکتا ہے مگر اسے سیاسی انتشار کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ جمہوریت کی مضبوطی ضد اور ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ جمہوری رویوں کی مضبوطی میں ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کے مسائل کا حل کسی ایک شخص یا جماعت کے پاس نہیں، معاشی ترقی و استحکام سیاسی و داخلی استحکام کیساتھ جڑا ہے، افسوس خود سیاستدانوں کے سبب ماضی اور حال میں جمہوریت کیلئے مشکلات آئیں، اب سنبھلنا ہوگا، سب کے ماضی کا علم ہے مگر اب جمہوریت کی مضبوطی کیلئے سیاسی گنجائش کے فارمولے کیساتھ آگے بڑھنا ہوگا، سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کے لئے گنجائش پیدا نہیں کریں گی تو نقصان سب کا ہوگا. سربراہ جے یو آئی نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان اور امت مسلمہ دونوں کئی مشکلات کا شکار ہیں۔
Pakistan Image