لاہور (پاکستان امیج ) شدید حبس میں پہلے شہری کے الیکٹرک سے ستائے تھے ، اب بادی النظر میں لیسکو بھی کے الیکٹرک کے نقش قدم پر چل پڑی اور مختلف علاقوں میں رات دو بجے سے بجلی غائب ہے ۔
بجلی نہ ہونے کے باعث شہری رات بھر اندھیرے اور شدید حبس میں بے چین رہے، گلی محلوں میں بچوں کے رونے کی آوازیں آتی رہیں ،گھروں کی موٹریں نہ چل سکیں ،مساجد میں وضو کے لئے پانی نہیں تھا۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بادل گرجتے ہی بجلی پہلے ہی غائب ہوجایا کرتی تھی لیکن اب کی بار تو محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے ساتھ ہی غائب ہوگئی، بالآخر لیسکو کی طرف سے کوئی خیر کی خبرنہیں آئی لیکن قدرت کو رحم آیا اور بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا لیکن بند گھروں میں موجود بچوں اور بزرگوں کے لیے مزید مشکلات بڑھ گئیں کیونکہ حبس میں مزید اضافہ ہوگیا۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمرتوڑ بلوں کی وصولی کے باوجود غیر اعلانیہ بجلی بندش سے جا ن چھڑائی جائے اور لیسکو کے حکام سے بازپرس کی جائے ۔
Pakistan Image