لاہور (پاکستان امیج)لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کی صدارت میں انتظامی اجلاسوں کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار کی سرزنش کر دی ، عدالت نے بے بنیاد درخواست پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وکیل درخواست گزار ندیم سرور کو آئندہ سماعت پر تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کر دی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر نے نوازشریف کی صدارت میں انتظامی اجلاسوں کے خلاف درخواست پر سماعت کی ،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نوازشریف اپنے نام سے ہدایات دے رہے ہیں؟ کیا نوازشریف اپنے دستخط سے احکامات جاری کر رہے ہیں ؟ ، عدالت کے سوالات سن کر وکیل درخواستگزار تذبذب کا شکار ہو گئے جس پر عدالت نے دہرایا کہ وکیل صاحب عدالتی سوالات کے جوابات دیں ۔ وکیل ندیم سرور نے کہا کہ انہوں نے پریس ریلیز میں لکھا کہ الیکٹرک بائیکس دی جائیں ، زیر زمین ٹرین چلانے کے حوالے سے میٹنگ کی جائیں ، عدالت نے استفسار کیا کہ بتائیں اس میٹنگ میں کابینہ کا ذکر کہاں ہے ؟وکیل ندیم سرور نے نوازشریف کی میٹنگ کی تصویر عدالت میں پیش کر دی جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ پھر بے بنیاد قانونی جواز کا سہارا لے رہے ہیں، اس تصویر کے پیچھے تو اور بھی لوگ موجود ہیں ، آپ نے آرٹیکل 129 کا حوالہ دیا ، اس میں کیسے پتہ چل رہاہے کہ کابینہ میٹنگ ہے ؟کیاآپ کسی سرکاری کاغذ سے ثابت کر سکتے ہیں کہ کابینہ اجلاس تھا ؟ وکیل درخواستگزار نے کہا کہ یہ تصاویر حکومت پنجاب کی ویب سائٹ سے لیں ۔ سرکاری وکیل نے ندیم سرور کی درخواست کی مخالف کی ۔
Pakistan Image