لاہور (پاکستان امیج)تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے خلاف لاہور ماسٹر پلان کےحوالے سے اینٹی کرپشن میں درج مقدمے کے ڈسچارج کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے تحریری حکم جاری کیا۔ جس میں لکھا گیا کہ پرویزالہٰی کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جاتا ہے، ملزم کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو فوراً رہا کیاجائے۔
تحریری فیصلے میں مزید وضاحت کی گئی کہ ڈسچارج کا مطلب بریت نہیں کیونکہ بریت ٹرائل کورٹ کی مرضی ہوتی ہے۔ ٹرائل کورٹ کو مکمل اختیار ہے کہ ملزم کو ڈسچارج ہونے کے باوجود ٹرائل کےلیے طلب کرلے۔
عدالت نے کہا کہ مقدمے کا اندراج ایل ڈی اے نہیں بلکہ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن کے کہنے پر ہوا، ایل ڈی اے نے ہی ماسٹر پلان 2050 شروع کیا تھا۔
عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ سرکاری وکیل اور تفتیشی افسر نے تسلیم کیا کہ ملزم نے کسی کمپنی، ادارے کو نقصان نہیں پہنچایا، جب نقصان نہیں پہنچا تو سوال ہے کہ متاثر کون ہوا؟
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ سرکاری وکیل، ڈپٹی ڈائریکٹر اور تفتیشی افسر نے تسلیم کیا کہ ان افسران میں سے کسی کو ملزم نہیں بنایا۔ جنہوں نے ماسٹر پلان بدلا وہ آزاد ہیں اور جس کا براہ راست کردار نہیں وہ حراست میں ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن کا ضابطہ اور قانون ہے، ایف آئی آر سے پہلے انکوائری کی جاتی ہے، کوئی انکوائری نہیں کی گئی بلکہ جلدی میں مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بظاہر ملزم کو اس مبینہ جرم سے ملانے کےلیے کوئی مواد موجود نہیں۔
Pakistan Image