کراچی(پاکستان امیج)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران تفتیش میں پیشرفت نہ ہونے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے سربراہ جے آئی ٹیز اور پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی،ایم کیو ایم کارکن مشتاق عرف عادل باڑہ کی اہلیہ اور والد نے آہ و بکا کی،والد نے کہاکہ 10سال ہو گئے جس نے حراست میں لیا تھا اس کے ثبوت بھی دیئے،بچے بڑے ہو رہے ہیں سکول میں بھی بچوں کو طعنے دیئے جاتے ہیں،لاپتہ شہری کی اہلیہ نے کہاکہ بچے باپ کے بارے میں سوال پوچھتے ہیں۔
تفتیش میں پیش رفت نہ ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے سربراہ جے آئی ٹیز اور پولیس حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے رینجرز سندھ سے بھی تازہ رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے شہریوں کی بازیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے سے بھی لاپتہ شہریوں کی ٹریول ہسٹری طلب کرلی۔
Pakistan Image