قومی اسمبلی میں پمز سانحے پر متفقہ قرارداد منظور

اسلام آباد(پاکستان امیج)قومی اسمبلی نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد کی نرسری میں آتشزدگی سے 14 بچوں کی جان جانے کے سانحے پر متفقہ قرارداد منظور کی لی۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق قرارداد چیئرمین پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال بیرسٹر دانیال نے پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان پمز میں آتشزدگی کے حالیہ واقعہ میں معصوم بچوں کی جانوں کے المناک نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ایوان اس سانحے کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور اس لاپرواہی پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے جس کی وجہ سے یہ المیہ رونما ہوا۔

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اس لاپرواہی کا جو شخص بھی ذمہ دار ہے اس کے خلاف قانون کے مطابق سنگین کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس کے علاوہ حکومت سے وفاقی حکومت کے زیر نگرانی اسپتالوں، خاص طور پر ان کی نرسری اور بچوں کے وارڈز میں، فائر سیفٹی کے سخت انتظامات اور ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا تاکہ مستقبل میں ایسے اندوہناک واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔

قرارداد میں سوگوار خاندانون کیساتھ اظہار ہمدردی کیا گیا اور اس دکھ کی گھڑی میں ان کے لیے صبر اور حوصلے کی دعا کی گئی۔

دوسری جانب ایوان نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے سانحہ پمز بنانے کی تحریک بھی منظور کرلی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو بھی اس پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کی تجویز دی۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *