اسلام آباد (پاکستان امیج) ن لیگ کے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ایسا قانون بنائیں کہ سرکاری تنخواہ اور مراعات لینے والوں کا علاج سرکاری اسپتال میں ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں سانحہ پمز پر بحث کے دوران ن لیگ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر پرویز رشید نے پمز آتشزدگی میں 14 نومولودوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پرویز رشید نے کہا کہ پمز اسپتال میں بہت بڑا اور المناک المیہ پیش آیا ہے۔ تاہم یہ پہلا المیہ نہیں تھا، ایسے واقعات تو روزانہ کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔ روز المیہ ہوتا ہے، ہم روتے ہیں اور پھر آگے چل پڑتے ہیں۔
ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ سانحات پر کمیٹیاں بھی بنتی ہیں۔ تحقیقات، جزا اور سزا کا عمل بھی ہوتا ہے، لیکن جب تک بنیادی تبدیلی نہیں آئے گی، ایسے المیے ختم نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کے نجی اسپتالوں میں علاج پر پابندی لگائی جائے اور آج ہی یہ قانون بنایا جائے کہ آج قانون بنائیں کہ سرکاری تنخواہ اور مراعات لینے والے والوں کا علاج سرکاری اسپتال میں ہوگا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ یہ قانون بنا لیں تو چند دنوں میں سرکاری اسپتال عالمی معیار کے ہو جائیں گے۔
ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ صرف یہی نہیں بلکہ سرکار سے تنخواہ لینے والوں کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کا پابند کیا جائے تو ٹرانسپورٹ کا نظام بھی درست ہو جائے گا اور ان کے بچوں کا داخلہ صرف سرکاری اسکولوں میں داخلے کا قانون بنائیں تو پھر اسکول ٹھیک ہونگے۔
Pakistan Image